الجزائر کے جنگلات میں آتشزدگی، 26 افراد ہلاک

الجزائر کے جنگلات میں آتشزدگی، 26 افراد ہلاک
الجزائر کی وزارت داخلہ نے ملک کے مشرق میں جنگلات میں لگنے والی آگ میں کم از کم 26 افراد کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔ الجزائر کے وزیر داخلہ کامل بیلدجود نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ شمالی الجزائر کے 14 علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینے والی آگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ الجزائر کے حکام آگ سے نمٹ رہے ہیں جو گرمی کی لہر کے نتیجے میں شمالی افریقی علاقے میں پھیل چکی ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان آگ کو بجھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ تیونس کے ساتھ الجزائر کی سرحد کے قریب مشرق میں سوک احراس میں، لوگوں کو جان بچانے کیلئے اپنے گھروں سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ حکام نے اس سے قبل بتایا تھا کہ سوک احراس میں چار افراد جھلس گئے تھے اور 41 دیگر کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ علاقے سے 350 رہائشیوں کو نکال لیا گیا ہے۔ سوک احراس سمیت تین ریاستوں میں آگ پر پانی پھینکنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق الجزائر میں اگست کے آغاز سے اب تک 106 مقامات پر آگ لگنے لگنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں جس سے 2500 ہیکٹر سے زیادہ جنگلات تباہ ہو چکے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔