اسلام آباد (پبلک نیوز) کلین گرین پاکستان کا منفرد ماڈل، ینگ کرکٹرز اب درختوں کے نگہبان بنین گے۔ وزیراعظم اٹک میں نوجوان کرکٹرز سے درختوں کی حفاظت کا منصوبہ شروع کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان آج اٹک کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بھی ہمراہ ہوں گے۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اٹک میں 10 کرکٹ گراونڈز کا افتتاح کریں گے۔ کرکٹ گراؤنڈز اٹک کے مقامی ینگ کرکٹرز کے حوالے کی جائیں گی۔ اٹک میں علاقہ چھچھ کی 32 کرکٹ ٹیموں کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان اٹک میں شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کریں گے۔ شجر کاری مہم کا آغاز اٹک کے نواحی گاوں چیچیاں میں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم غازی بروتھا نہر کے کنارے 10 لاکھ پودے لگانے کے منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے۔ غازی بروتھا نہر کے کنارے تین سال میں 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
بلین ٹری منصوبے کے تحت پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔ ہر کرکٹ گراونڈز کی انتظامیہ ایک لاکھ پودے لگانے اور نگہبانی کی ذمہ داری لیں گے۔ جامن،امرود،بیری. کیکر، شیشم اور دریک کے درخت لگائے جائیں گے۔