حکومت ختم کرنا دنوں کا کام، بس طریقہ طے کرنا ہے

حکومت ختم کرنا دنوں کا کام، بس طریقہ طے کرنا ہے
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ صرف دنوں کا کام ہے، بس طریقہ کار طے کرنا باقی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے کہ ن لیگ کے چار افراد ان کیساتھ ملے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہماری جماعت کا ایک بھی رکن نہیں ٹوٹا بلکہ چٹان کی طرح نواز شریف کیساتھ کھڑا ہے۔ ہم پر سخت ترین مقدمات بنائے گئے لیکن مسلم لیگ ن آج بھی قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزرا کے بیانات سے لگ رہا ہے کہ ان کا انجام قریب ہے۔ پاکستان یہ حکومت ایک دن کیلئے بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ ان کے حالات دیکھ کر مجھے مہینوں اور ہفتوں کی نہیں بلکہ دنوں کی بات لگتی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت کی نالائقی کے انبار لگ چکے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اس حکومت سے قوم کی جان جلد از جلد چھڑا دی جائے۔ حکومت ختم کرنا دنوں کا کام ہے، بس طریقہ طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سروے آیا ہے کہ پاکستانی قوم سب سے زیادہ اعتماد نواز شریف پر کرتی ہے۔ حکومت کی کارکردگی جس طرح کی ہے وہ قوم پر رحم کرے۔

Watch Live Public News