ویب ڈیسک: ایران کی جانب سے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد خلیجی ممالک اور علاقائی تنظیموں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے بحرین، کویت اور اردن میں ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی انسانی قانون کے منافی ہے۔
جاسم محمد البدیوی کا کہنا تھا کہ ایسے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کے تحت قابلِ مذمت عمل ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کو یقینی بنائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے بحرین، کویت اور اردن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی تعاون کونسل اپنے رکن ممالک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔