وزارت خزانہ نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ اگلے ہفتے معاہدے طے پانے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو اصلاحات اور اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی کرا دی. پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دوحا میں مذاکرات کا پہلا روز اختتام کو پہنچا۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا اور سیکریٹری خزانہ نے آج کے آن لائن مذاکرات میں شرکت کی۔ آئی ایم ایف مشن چیف نےمعیشت کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں آئی ایم ایف کے جائزے کا تبادلہ کیا۔دوران مذاکرات آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر نے پاکستانی معیشت کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کی اور فوری و طویل مدتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق دوران مذاکرات مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف کو اصلاحات اور اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔پاکستان پروگرام کی کامیابی سے تکمیل تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے لیے پرامید ہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پروگرام کے تحت تجویز کردہ اصلاحات اور دیگر اقدامات مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزارت خزانہ کے مطابق مفتاح اسماعیل مذاکرات میں شرکت کے لیے اگلے ہفتے دوحا جائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے ہفتے معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔ وزیر خزانہ نے اس حوالے سے کہا کہ حکومت موجودہ معاشی مشکلات کو سمجھتی ہے، متوسط اورکم آمدنی گروپوں پر افراط زر کے اثرات کو کم کرنے کیساتھ سخت فیصلےکرنے ہوں گے۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ معاشی صورتحال کوبری طرح متاثر کرنے والے چند عوامل حکومت کے قابو سے باہر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت پر بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی،مالی خسارے پر قابو پانے اور پاییدار ترقی کیلئے اسٹرکچرل مسائل حل کرنا ہونگے.