(ویب ڈیسک ) لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسموگ کی شدت کم ہونے پر ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں نرمی کردی گئی اس حوالے سے محکمہ ماحولیات نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہے، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ میں کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کا کہنا ہے کہ ہوم ڈلیوری خدمات پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی، پنجاب میں بارش، ہوا کی رفتار اور سمت میں تبدیلی کے باعث ماحولیاتی کیفیت میں بہتری آئی ہے۔15 نومبر کے حکم نامے کے تحت عائد پابندیوں میں نظرثانی کی گئی ہے۔
محکمہ ماحولیات نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پابندیوں میں نرمی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسموگ وار روم، ای پی اے نے اوقات کار کے نئے شیڈول پر عمل درآمد کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔