شہباز گل سے ملنے نہیں دیا گیا، عمران خان

شہباز گل سے ملنے نہیں دیا گیا، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان شہباز گل کی عیادت کے لیے پمز اسپتال پہنچے، تاہم انہیں شہباز گل سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس کے بعد وہ پمز اسپتال سے واپس روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کیا یہاں قانون کی حکمرانی ہے؟ انہیں عدالت کے حکم کی کوئی فکر نہیں ہے، کل اسلام آباد میں شہباز گل کیلئے ریلی نکال رہا ہوں، سب لوگوں کو دعوت دیتا ہوں ریلی میں شرکت کریں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے، سارے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر ریلیاں نکالی جائیں گی۔ عمران خان کے اسپتال پہنچنے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی عمران خان کے ہمراہ پمز اسپتال پہنچے تھے۔ پمز اسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے کارڈیالوجی وارڈ کے باہر نعرے بازی بھی کی گئی۔ دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ شہباز گل سے ملنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، اسپتال پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، عوام یا کوئی بھی شخص ملاقات کی کوشش کرکے امن وامان کی صورتحال پیدا نہ کرے۔ ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم شہباز گل کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس نے اسپتال میں سیکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا ہے۔ ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر نہیں ہے اور ملزم سے ملاقات کی اجازت نہیں، کسی بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بننے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔