ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی ذاتی زندگی اور خاندان کے ساتھ کشیدہ تعلقات پر کھل کر بات کی ہے۔
فیصل خان کے مطابق ان کی شادی اگست 2002 میں ہوئی تھی، تاہم چند ماہ بعد ہی دسمبر میں طلاق ہوگئی۔ طلاق کے بعد اہلِ خانہ نے ان پر والدہ کی کزن سے شادی کے لیے شدید دباؤ ڈالا، مگر انکار پر ان کے خلاف ہو گئے۔
فیصل نے بتایا کہ وہ اُس وقت اپنے کیریئر اور ذاتی ترجیحات پر توجہ دینا چاہتے تھے، شادی میں دلچسپی نہیں تھی، لیکن گھر والوں نے بار بار اصرار کیا۔ ان کے مطابق شادی سے انکار کے بعد اہلِ خانہ کے رویے میں تلخی آ گئی اور اکثر ملاقاتوں میں جھگڑے شروع ہوگئے، جس پر انہوں نے الگ رہنے کا فیصلہ کیا۔
فیصل خان نے انکشاف کیا کہ ایک موقع پر انہوں نے خط کے ذریعے خاندان کے تمام افراد کے نجی معاملات پر بات کی تھی، جس میں اپنی بہن نکہت کی تین شادیوں، عامر خان کی سابقہ بیوی رینا دتہ اور کرن راؤ کے ساتھ تعلقات کے علاوہ جیسیکا ہائنس سے مبینہ افیئر اور ناجائز اولاد کا ذکر کیا۔ اس خط کے بعد خاندان اُن کے سخت خلاف ہو گیا اور انہیں ’پاگل‘ قرار دے دیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی فیصل خان عامر خان اور خاندان پر سنگین الزامات لگا چکے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ انہیں ایک سال سے زائد عرصے تک گھر میں قید رکھا گیا اور شیزوفرینیا کا مریض قرار دے کر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔ عامر خان اور ان کے خاندان نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے فیصل کے بیانات کو گمراہ کن اور تکلیف دہ قرار دیا تھا۔
فیصل خان نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے خاندان سے تمام تعلقات ختم کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مشکل ضرور ہے مگر ذہنی سکون، آزادی اور خود شناسی کے سفر کے لیے ضروری ہے۔