راجن پور: انڈس ہائی وے شاہ والی کے مقام پر دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں ، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع روجھان او سی انڈس ہائی وے شاہ والی کے قریب المناک حادثہ پیش آیا ، 2 بسوں میں خوفناک تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے اور 23 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے پشاور اور کوئٹہ سے راجن پور جانے والی مسافر بسیں انڈس ہائی وے شاہ والی کے قریب ایک دوسرے سے ٹکرائیں ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ ریسکیو اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو شیخ اسپتال شاہ والی روجھان اور ضلع اسپتال راجن پور منتقل کیا ہے۔ریسکیو کے مطابق یہ خوفناک حادثہ شدید دھند کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔ خیال رہے کہ کے پی ، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور موٹر وے نے دھند کے باعث پنجاب میں مختلف مقامات پر موٹر وے کو عام ٹریفک کیلئے بند کیا ہوا ہے۔