شاہ رخ خان دوران شوٹنگ زخمی،علاج کیلئے امریکا روانہ

شاہ رخ خان دوران شوٹنگ زخمی،علاج کیلئے امریکا روانہ
کیپشن: شاہ رخ خان دوران شوٹنگ زخمی،علاج کیلئے امریکا روانہ

ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ نئی فلم ”کنگ“ کے ذریعے ایک بار پھر پردۂ اسکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں، تاہم فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں ایک افسوسناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، شاہ رخ خان ممبئی کے گولڈن ٹوباکو اسٹوڈیو میں ایک ایکشن سین کی عکس بندی کے دوران زخمی ہو گئے۔ انہیں پٹھوں کی چوٹ آئی ہے، جو اگرچہ سنگین نہیں، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیتے ہوئے ایک ماہ کے لیے کام سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔

ذرائع کے مطابق چوٹ کی تفصیلات منظرِ عام پر نہیں آئیں، لیکن شاہ رخ خان اور ان کی ٹیم علاج کے لیے فوری طور پر امریکہ روانہ ہو چکے ہیں۔ اس واقعے کے بعد جولائی اور اگست کے تمام شوٹنگ شیڈول ملتوی کر دیے گئے ہیں، جبکہ فلم کی شوٹنگ اب ستمبر یا اکتوبر میں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

فلم ”کنگ“ نہ صرف شاہ رخ خان کی واپسی کا نشان ہے بلکہ ان کی صاحبزادی سہانا خان کی ڈیبیو فلم بھی ہے۔ فلم میں دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، انیل کپور، ارشد وارثی اور جیکی شروف بھی اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے، جبکہ ہدایت کاری کے فرائض ”پٹھان“ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند انجام دے رہے ہیں۔

انتقامی تھرلر پر مبنی یہ فلم ایک قاتل کی کہانی سناتی ہے، جو اپنی بیٹی (سہانا خان) کے ساتھ ایک ذاتی المیے کے بعد انتقام کے سفر پر نکلتا ہے۔

شاہ رخ خان کی صحت پر ان کے مداحوں میں تشویش پائی جاتی ہے، تاہم پرامید ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر بھرپور توانائی کے ساتھ شوٹنگ دوبارہ شروع کریں گے۔

Watch Live Public News