(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو ملکی موجودہ ذخائر، کھپت اور کارگوز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے.۔وزیراعظم کے بر وقت عملی اقدامات اور ہدایات جاری کرنے سے ایندھن کے ذخائر کے حوالے سے انتظامات کیے جا سکے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشرق وسطی اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر، جس کی وجہ سے ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے، سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات اٹھانے ہونگے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔ حکومت کی عوام سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی بھی اپیل، تاکہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خطرے سے بچا جا سکے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہو گا اور بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہو گا۔پیٹرول بچانے کیلئے کار پولنگ اپنائی جائے، نقل و حرکت اجتماعی طور پر کی جائے۔غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کے لیے آمد و رفت کو محدود رکھا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے، اور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جارہا ہے، تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہوسکے اور سد باب کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
اجلاس میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔