ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی جبکہ درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ تحصیل ماموند کے علاقے منڑو جنگل سرکی میں پیش آیا جہاں چرواہے بکریوں کا ریوڑ چرا رہے تھے۔ اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گری، جس سے درجنوں بکریاں موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کی شناخت بھادر ولد ملک سعید اور صدام ولد ولی سعید کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، دونوں زخمی افراد معمول کے مطابق اپنے مویشی چرا رہے تھے کہ قدرتی آفت کی زد میں آگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔