ویب ڈیسک: قومی اسمبلی میں اگلا اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟ سابق وزیراعظم عمران خان نے بڑے نام کی منظوری دیدی۔
پی ٹی آئی پارٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کےسربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کردیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے آنے والوں کو اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی سے متعلق احکامات جاری کردیے ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا پانے کے باعث پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب ناصرف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے محروم ہو گئے تھے بلکہ تمام پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی انہیں ہٹا دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے عدالت کے فیصلے کے بعد عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا جس کے خلاف دونوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔