نیوزی لینڈ ٹیم نے بالاخر دورہ پاکستان کا فیصلہ کرلیا

نیوزی لینڈ ٹیم نے بالاخر دورہ پاکستان کا فیصلہ کرلیا
لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ شائقین کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ سیکیورٹی ایشو کا بہانہ بنا کر دورہ پاکستان ملتوی کرنے والی نیوزی لینڈ ٹیم نے بالاخر پاک سرزمین پر کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیوی ٹیم آئندہ سال 2022ء کے اختتام سے پہلے پاکستان کے دورے پر آئے گی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچ، 8 بین الاقوامی ون ڈے میچ اور 5 ٹی ٹونٹی میچ شیڈول کر لئے گئے ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دسمبر اور جنوری کے عرصے میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد اپریل 2023ء میں کیوی ٹیم ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کرے گی اور 10 وائٹ بال میچوں پر مشتمل سیریز میں حصہ لے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا اور کیوی بورڈ کے سربراہ مارٹن سینیڈن کے درمیان اہم میٹنگز میں ان کرکٹ دوروں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیوی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان 2 ٹیسٹ میچ اور 3 ون ڈے میچ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مین ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہونگے۔ پاکستان کے دوسرے دورے میں مہمان ٹیم 5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔ دونوں بورڈز اب دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ وہ مارٹن سینیڈن اور ان کے بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ وہ ان سے ہونی والی ملاقاتوں کے نتائج پر بھی بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بورڈز کے مضبوط تعلقات کی ضمانت اور اس بات کی تصدیق ہے کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ رمیز راجا اور مارٹن سینیڈن کی دبئی میں نتیجہ خیز اور تعمیری گفتگو ہوئی، جس سے دونوں بورڈز کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News