ویب ڈیسک: بھارتی روپیہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی روپے کے مقابلے میں تقریباً 12 فیصد قدر کھو بیٹھا، جسے ماہرین بھارت کی معاشی کمزوریوں اور حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔
بھارتی جریدے دی وائر کے مطابق مئی 2025 میں آپریشن سندور اور جنگ بندی کے بعد بھارتی کرنسی کی تنزلی کا سلسلہ شروع ہوا، جو تاحال جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مئی 2025 میں ایک بھارتی روپیہ 3.29 پاکستانی روپے کے برابر تھا، جو مئی 2026 تک کم ہو کر 2.90 روپے رہ گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی روپے کی کمزوری صرف عالمی عوامل یا مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ بھارت کی داخلی معاشی پالیسیوں اور نظم و نسق کے مسائل کو بھی ظاہر کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اسی عرصے میں پاکستانی روپے نے آئی ایم ایف پروگرام اور سخت معاشی اصلاحات کے باوجود بھارتی کرنسی کے مقابلے میں نسبتاً بہتر کارکردگی دکھائی۔
بین الاقوامی مبصرین اور مالیاتی اداروں نے بھی خبردار کیا ہے کہ بھارتی روپیہ رواں سال مزید دباؤ کا شکار رہ سکتا ہے، جس سے مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔