ویب ڈیسک: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے نام پر صرف تماشا لگایا گیا، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں فیل ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے حلقہ پی پی 32 کے کھٹالہ پولنگ سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی جلد دیکھ رہا ہوں، 5 دنوں میں 3 سزائیں دلوانے والوں نے ایک جج سے اس کے بیٹے کا ولیمہ ملتوی کروایا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ووٹ اور پبلک کی سپورٹ سے ہی ایوان بننا چاہئے نہ کہ دھاندلی سے، پی پی 32 کے نتائج تسلیم کرنے والی بات تو ہے ہی نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نارووال میں ورکر کی ہلاکت پر دکھ ہوا، سب کو پرامن رہنا چاہئے، سیاسی جماعتوں کے ورکرز کو ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہئے، عوام کو بانی پی ٹی آئی سے دور رکھنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔