ویب ڈیسک:بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی سے نئے نیب ریفرنس کی تفتیش کا معاملہ،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی آج نیب تفتیش میں شامل نہیں ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم اڑھائی گھنٹے تک جیل تفتیشی روم میں دونوں کا انتطار کرتی رہی،جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کو متعدد پیغام بھجوائے، پیغامات کے باوجود دونوں تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے، نیب ٹیم اڑھائی گھنٹے انتظار کے بعد واپس لوٹ گی،نیب ڈپٹی ڈائریکٹر مستنصر شاہ نے دونوں سے تفتیش کرنی تھی۔
جیل ذرائع کا کہناہے کہ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ سے قیمتی بلغاری جیولری سیٹ ست متعلق سوالات کرنے تھے،نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کا آج جسمانی ریمانڈ کا آخری دن تھا،کل صبح بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کو عدالت پیش کیا جائے گا۔
قبل ازیں توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے تفتیش کے لیے نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی،نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر مستنصر امام شاہ کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
جیل ذرائع کے مطابق نیب ٹیم کا اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے تفتیش کا ساتواں روز تھا۔
جیل ذرائع کے مطابق توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی 8 روز کے ریمانڈ پر ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی نیب ٹیم نے تقریبا پونے گھنٹہ تک بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے تفتیش کی، ٹیم نے ملزمان سے توشہ خانہ تحائف کے حوالے سے تفتیش کی تھی۔
دوران تفتیش عمران خان اور بشریٰ بی بی سے تحفے میں ملنے والی بلگیری جیولری سیٹ سے متعلق بھی سوالات کیے گئے تھے۔
نیب نے ملزمان کا احتساب عدالت سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے، ملزمان کو 22 جولائی کو تفتیشی پیش رفت رپورٹ کے ساتھ دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو عدت نکاح کیس میں بریت کے بعد قومی احتساب بیورو نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو گرفتار کیا تھا جبکہ ملزمان کا 14 جولائی کو اڈیالہ جیل میں جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کیا تھا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون اپنے پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔
وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کیا تھا، نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔
اس میں بتایا گیا کہ امن امان کی صورت حال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔
جیل ٹرائل نوٹیفکیشن سے متعلق سابق وزیر اعظم اور سابق خاتون اول کے وکلا کو آگاہ کردیا گیا تھا۔