ویب ڈیسک: ایک حالیہ سروے کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، اور ان کی حمایت کم ہو کر 42 فیصد رہ گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا سروے رپورٹ کے مطابق تین ہفتے قبل ٹرمپ کی مقبولیت 43 فیصد تھی، جو اب گھٹ کر 42 فیصد پر آ گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں خصوصاً تعلیمی اداروں کی فنڈنگ روکنے کے فیصلے کو امریکی عوام کی بڑی تعداد نے مسترد کیا ہے۔
سروے میں شامل 57 فیصد افراد نے یونیورسٹیوں کی فنڈنگ روکنے کی مخالفت کی، جبکہ 59 فیصد نے رائے دی کہ امریکا عالمی سطح پر اپنی ساکھ کھو رہا ہے۔ اس کے علاوہ 75 فیصد شرکاء کا ماننا ہے کہ ٹرمپ کو تیسری بار صدارت کے لیے کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سروے میں شامل 53 فیصد افراد وہ تھے جو پہلے ٹرمپ کے حامی تھے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے اپنے حلقے میں بھی اعتماد میں کمی آ رہی ہے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت کے آغاز سے ہی کئی متنازع ایگزیکٹو آرڈرز جاری کیے، جن پر انہیں اندرون و بیرون ملک تنقید کا سامنا رہا ہے۔