ویب ڈیسک: لاہور کی سیشن کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مبینہ زیادتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تاہم آج بھی فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔
ایڈیشنل سیشن جج یاسر عرفات نے کیس کی سماعت کی، جس میں ملزمان رجب بٹ، جہانگیر، جواد علی اور عبد الرحمان عدالت میں پیش ہوئے۔ گزشتہ سماعت کے تسلسل میں ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی جا چکی تھیں اور آج فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا۔
دورانِ سماعت ملزمان کے وکیل رانا عبدالمعروف نے دلائل دیے، جبکہ مدعیہ کے وکیل نے مؤقف پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ مقدمے میں الزام ہے کہ ملزمان نے ایک خاتون کو گھر بلا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ کیس میں معروف یوٹیوبر کی شمولیت کے باعث یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر چکا ہے۔
آئندہ سماعت میں فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔