اسلا م آباد پر دھاوے بولے جاتے رہے تو ترقی نہیں ہوگی، شہباز شریف

shahbaz sharif in dgk
کیپشن: shahbaz sharif in dgk
سورس: google

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک اسلام اباد پر دھاوے اور چڑھائی ہوتی رہے گی ملک ترقی نہیں کرے گا۔ ڈیر ہ غازی خان  میں کینسر اسپتال راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کااعلان بھی کردیا۔
 ضلع ڈیرہ غازی خان میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان قرضوں کے ساتھ ترقی نہیں کرے گا۔ ’دعا کریں کہ قرضے ختم ہو جائیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ جب بھی وہ بیرون ملک دورے پر جاتے تو دل میں سوچتے کہ برادر ملک کے حکمران یہ نہ سمجھیں کہ وہ کچھ مانگنے آنے ہیں۔انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ایک ساست دان کہتا تھا کہ شہباز شریف بیرون ملک پیسے مانگنے جاتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’صوبائی حکومتوں سے مل کر ترقی کے لیے محنت کر رہے ہیں، لاکھوں نہیں کروڑوں نوجوانوں کو روزگار دلانا ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی۔ ’اب مہنگائی کم ہو کر اڑھائی فیصد پر آ گئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ دشمن کے کہنے پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا  میں دہشت گردی ہو رہی ہے۔ اس کے خاتمے کے لیے قربانیاں دی جا رہی ہیں۔
’جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوتا تب تک ملک کی ترقی و خوشحالی نہیں ہو سکتی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح ملک کے اندر ہڑتالیں کی جاتی ہیں، اسلام آباد پر دھاوے بولے جاتے ہیں، چڑھائی کی جاتی ہے، جب تک یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
’ایک دن کی ہڑتال اور دھاوا بولا جائے تو اربوں روپے کا ملک و قوم کو نقصان پہنچتا ہے۔ امن قائم ہوئے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی قیمت مزید کم کریں گے تاکہ کاروبار کو فائدہ ہو۔ ’محنت کریں گے تو ایک دن آئے گا کہ ہم انڈیا کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔‘
وزیراعظم نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال اور ملحقہ ضلع راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم کاکہناتھا کہ ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے۔پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ محمد نواز شریف کا وژن صرف ترقی ہے۔ پنجاب کی ترقی محمد نواز شریف کے دور میں ہوئی۔

 انہوں نے  کہا کہ صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کے لئے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا۔ ہم نے سیاست قربان کر کے پاکستان کو بچایا۔

انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔  وہ پنجاب بھر میں ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں، گھر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں ۔

 انہوں نے کہا خارجی طاقتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کے لئے دن رات سازشیں کی جاتی رہیں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سردار اویس لغاری اور وسیب کے نمائندگان دن رات محنت کر رہے ہیں ۔لیہ پل کو مکمل کیا جائے گا، اب ڈیرہ غازی خان کی ترقی دیکھنے آﺅں گا۔


 
 

Watch Live Public News