ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ امریکا اور یورپی یونین کے درمیان ممکنہ تجارتی کشیدگی ہے۔
سرمایہ کاروں میں اس صورتحال کے باعث تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر دونوں اقتصادی طاقتوں کے درمیان تجارتی جنگ چھڑتی ہے تو اس سے عالمی معیشت سست روی کا شکار ہو سکتی ہے، جس کا براہِ راست اثر ایندھن کی طلب پر پڑے گا۔
منگل کے روز عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 52 سینٹ (0.75 فیصد) کم ہو کر 68.69 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے سودے 51 سینٹ (0.76 فیصد) کمی کے ساتھ 66.69 ڈالر فی بیرل پر طے پائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین، جو دنیا میں تیل کے بڑے خریدار ہیں، کے درمیان جاری تجارتی تناؤ ایندھن کی طلب کو متاثر کر سکتا ہے، جس سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے۔