مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی شوگرسیکنڈل میں ایف آئی اے میں پیشی، ایک گھنٹہ تفتیشی ٹیم کے سوالات کے جوابات دینے کے باوجود شہباز شریف تحقیقاتی ٹیم کو مطمین نہ کرسکے، ایف آئی اے نے مزید 20 سوالوں کے جواب مانگ لیے، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے جوابات دینے کے لیے وقت مانگ لیا، لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو 10 جولائی تک شہبازشریف کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے نے سیاسی انتقام کی ذمہ داری سنبھال لی،"عوام کی جیب خالی ہے، اس لئے یہ بجٹ جعلی ہے" کا سچ بولنے پرشہبازشریف کو ایف آئی اے بلایا گیا، حکومت سیاسی انتقام میں پاگل ہوچکی ہے۔ملک میں پارلیمانی نظام ختم کرکے صدارتی نظام لانے کی کوشش کی جارہی ہے، صدارتی نظام کی بات کرنےوالے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں، لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں کونسی انتخابی اصلاحات ہونگی، انتخابی اصلاحات اس لیے حکومت کرنا چاہتی ہے تاکہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی نہ پکڑی جاسکے۔بجٹ اہداف مقرر کرنے سے کچھ نہیں ہوتا، اہداف حاصل کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے، لیگی رہنما احسن اقبال کہتے ہیں وزیرخزانہ نے کل کہا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، یہی شوکت ترین کچھ عرصہ پہلے کہہ رہے تھے کہ معیشت تباہ ہوچکی ہے، وہ شوکت ترین سچا ہے یا یہ جو جنت کی تصویریں دکھا رہا ہے، وزیرخزانہ نے کہا ہمیں معاشی لینڈ مائنز دی گئیں، ہم نے آپ کو لینڈ مائنز نہیں، گولڈ مائنز دی۔وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی کوئی لیڈرشپ نہیں،یہ ایک بکھرا ہوا گروہ ہے، قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتےہوئے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا،اپوزیشن نے ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں جو کیا،سب قوم کے سامنے ہے۔