پہلے لاڈلہ اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جا رہا، ایسا نہیں چلے گا،مریم اورنگزیب

پہلے لاڈلہ اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جا رہا، ایسا نہیں چلے گا،مریم اورنگزیب
لاہور: رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پہلے 2018 میں لاڈلہ اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جا رہا ہے ایسا نہیں چلے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاڈلے کو آر ٹی ایس بٹھا کر مسلط کیا گیا تھا، الیکشن چوری کر کے لاڈلے کو لایا گیا، جب لاڈلے کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو اس نے آئین توڑا، تحریک عدم اعتماد لانا کسی قسم کی سازش نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں سائفر لہرا کر سیکرٹ ایکٹ کے پرخچےاڑا دیئے گئے، بند کمرے میں کہا گیا سائفر معاملے پر سیاست کرنی ہے، کاغذ لہرا کر عوام کو گمراہ کیا گیا، سائفر چوری کر کے ملک کیساتھ غداری کا جواب دینا پڑے گا۔ ’جس شخص نے آئین کی خلاف ورزی کرائی اسے معصوم کہا جا رہا ہے‘ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جس شخص نے آئین کی خلاف ورزی کرائی اسے معصوم کہا جا رہا ہے، پہلے 2018 میں لاڈلہ کہہ کر اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جا رہا ہے یہ نہیں چلے گا۔ سابق وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی پر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے کہا کہ تم ہسپتال، سکول، جناح ہاؤس جلا دو کیا معصوم ہو؟، نو مئی کے مجرم کو گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے، کیا فارن فنڈنگ کرنے والا اور نو مئی کا مجرم معصوم ہے؟، 190 ملین پاؤنڈ کا بند لفافہ لہراؤ اور پیسےکھاؤ، تم معصوم ہو؟ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ معصومیت میں ملک کا بیڑہ غرق کر گیا، تین دفعہ کے منتخب وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا،عوام نوازشریف اور شہبازشریف کوچاہتے ہیں، نوازشریف کے پاس تجربہ کارٹیم ہے، یہ تماشا اب نہیں چل سکتا عوام سب جانتے ہیں۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ایک شخص جیل میں ہے اس پرسنگین الزامات ہے، کوئی دیکھ رہا ہے یا نہیں دیکھ رہا ’لطیف‘ سب کچھ دیکھ رہا ہے، 8 فروری کو عوام فیصلہ کریں گے ان کو کونسی قیادت چاہیے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔