اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن برسر اقتدار آئی تو اگلے وزیر اعظم نوازشریف ہوں گے،پانچ سال میں ملک کی تقدیر بدل اور بھارت کو اقتصادی میدان میں 10 سال میں پیچھے چھوڑ دیں گے۔ فیصل آباد میں ایم 3 سے منسلک فیصل آباد ستیانہ بائی پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے ناصرف 2018 کے دھاندلی کے ذریعے کامیاب کروائے جانے والے بہروپیوں کو شکست فاش دے کر 2018 کا بدلہ لینا ہے بلکہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کروانا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد ستیانہ بائی پاس 10 ارب روپے کا منصوبہ ہے ،اس سے فیصل آبادکے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔گزشتہ حکومت نے چار سال میں کسی ایک نئے منصوبے کی اینٹ نہیں رکھی،انہوں نے چار سال نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا،بھونڈے الزامات لگاتے رہے،فیصل آباد کے لوگ ترقیاتی ریکارڈ منگوالیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عوامی خدمت کا کوئی خاطر خواہ منصوبہ نہیں لاسکا۔اپنے دعووں پر عمل نہیں کیا،تین ماہ میں بیرون ملک سے پاکستان کی لوٹی دولت واپس لانے کا دعویٰ کیا لیکن چارسال میں ایک روپیہ واپس نہیں لاسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا،آئندہ انتخابات ہونے جارہے ہیں عوام جس کو اختیار دیں گے ہم اس کا احترام کریں گے،اگر مسلم لیگ ن کو ووٹ کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں لایا گیا تو اگلا وزیر اعظم نوازشریف ہوں گے ۔نواز شریف کی سربراہی میں ہم کارکن کی طرح خدمت کریں گے،اتحادیوں سے مل پاکستان کی تقدیر پانچ سال میں بدل دیں گے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 100 یونٹ سے 200 یونٹ تک بجلی کے صارفین پر کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔اس سے اوپر کے صارفین پرآئی ایم ایف کی شرط پر معمولی اضافہ کرنا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کو دوبارہ اقتدار ملا تو ہم کشکول توڑدیں گے اور ترقی کا سفر وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے۔ ملک کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ،بنجر زمینیں آباد اور معدنیات کی دولت سے پورے پاکستان کو فیضیاب کریں گے۔ نہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اگر اقتدار میں لایا گیا تو دس سال میں پاکستان بھارت کو اقتصادی میدان میں پیچھا چھوڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ اب باتوں کا وقت نہیں ہے سب کو نواز شریف کا ساتھ دینے کے لئے آگے بڑھنا ہے۔