اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جاتی ہے تو جائے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گا. حکومت جانے کے ڈر سے این آر او نہیں دیا جا سکتا. وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں سیاسی ،معاشی صورتحال پرغور کیا گیا. کورکمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے. کور کمیٹی کو گروتھ 4 فیصد تک آنے، ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے پر بریفنگ دی گئی. کور کمیٹی کی جانب سے وزیر اعظم کی قیادت اورمعاشی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار کیا گیا۔ کہا گیا کہ معاشی اہداف میں کامیابیوں کو عوام میں اجاگر کیا جائے۔مجموعی سیاسی صورتحال اور جہانگیر ترین کے معاملہ پر بھی کور کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کورکمیٹی کے اجلاس میں عزم کیا کہ کس کو این آراو نہیں دیا جائے گا۔ کورکمیٹی کی جانب سے طے پایا کہ کوئی پارٹی سے ہو یا اپوزیشن سے، انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔ آزادکشمیر کے انتخابات کے حوالے سےامیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے سے قبل ہوم ورک پر بریفنگ دی گئی۔ کورکمیٹی میں فیصلہ ہوا کہ آزادکشمیر کے انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کاانتخاب میرٹ پر ہو گا۔ کور کمیٹی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لیے ہر سطح کے کارکنوں کو متحرک کیا جائے۔