کپتان بابراعظم اور محمدرضوان کی شاندار ناقابل شکست اوپننگ پارٹنرشپ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 10 وکٹوں سے شاندار کامیابی دلوادی،شاندار ناقابل شکست سینچری بنانے پر مین آف دی میچ بابراعظم کو قرار دیا گیا، 200 رنز کا ہدف پاکستان 19.3 اوورز میں 203 رنز بناکر حاصل کرلیا، بابراعظم نے 110 اورمحمد رضوان نے 88 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعرات کو کھیلے گئے7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلش ٹیم کو بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی، پاکستان نے 19.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 203 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 5 بلند وبالا چھکے اور 11 طاقتور چوکے لگا کر ناقابل شکست110 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 4 چھکے اور 5 چوکے لگاکر 88 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں اس سے قبل پاکستان نے ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور اس میچ میں نیوزی لینڈ نے 166 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کا کوئی بالر کارآمد ثابت نہیں ہوسکا۔ لوک وڈ اور ڈاوڈ ویلے نے باالترتیب 49 اور 44 رنز دئیے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 200 رنز کا ہدف دے دیا تھا۔انگلش ٹیم کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے۔ اس موقع پر میچ کے چھٹے اوور اور شاہنواز ڈھانی نے اپنے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر ایلیکس ہیلز اور اسی اوور کی دوسری گیند پر ڈیوڈ ملان کو کلین بورڈ کرکے میچ میں سنسنی پھیلا دی تاہم وہ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہیں کرسکے۔ انگلش ٹیم نے اپنے بیٹنگ پاور پلے میں 48 رنز بنائے اور ان کے دو کھلاڑی آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ چکے تھے۔تیسری وکٹ کی شراکت میں فل سالٹ اور بین ڈکٹ نے 53 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 59 رنز اسکور کئے۔17.4 اوورز میں شاہنواز ڈاھانی کے چوتھے اوور میں مڈ وکٹ پر خوشدل شاہ نے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا، اس موقع پر شاہنواز ڈھانی سمجھے کہ کیچ ہوگیا ہے اور وہ اپنے منفرد خوشی کے انداز میں پویلین کی جانب دوڑتے چلے گئے لیکن بدقسمتی سے وہ کیچ ہو نہیں سکا تھا۔کپتان معین علی 23 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 55 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ بین ڈکٹ 43، ہیری بروک 31، فل سالٹ 30،الیکس ہیلز 26رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ سیم کورن 10 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔حارث رئوف اور شاہنواز ڈڈھانی نے اپنے اپنے مقررہ 4 اوورز میں باالترتیب 30 اور 37 رنز کے عوض 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد نواز نے 40 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد حسنین اور عثمان قادر باالترتیب 51 اور 41 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔