کولمبو(پبلک نیوز) وزیر اعظم پاکستان نے کولمبو میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 سال پہلے سیاست میں آیا، سیاست میں آنے کا مقصد غربت کا خاتمہ تھا۔وزیر اعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ غربت کا خاتمہ میری سیاست کا محور رہا، سرمایہ کاری ،منافع بخش بزنس کے ذریعےغربت کم کر سکتے ہیں، کاروباری برادری کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کولمبو میں ٹریڈ اینڈانوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ خطے کے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات استوار کرکے غربت کم کرسکتے ہیں، برصغیر میں تمام تنازعات کو مذاکرات سےحل کرنے کے خواہاں ہیں، ایک مسئلے کے حل کیلیے جنگ چھڑنےسے مزید تنازعات جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو پیغام دیا تھا کہ مذاکرات سے اختلافات ختم کریں، اختلافات ختم کر کے تجارت اور سرمایہ کاری کریں، اقتدار میں آ کر بھارت سے بات چیت کے لیے رابطہ کیا، لیکن بات نہیں بنی، ہمارا واحد اختلاف کشمیر پر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور سری لنکا دہشتگردی سے متاثر رہے، دہشتگردی کے باعث پاکستان اور سری لنکا کی سیاحت بھی متاثر ہوئی، دنیا کے ہر فورم پر موقف رہا ہے کہ مسائل کا حل جنگ نہیں مذاکرات میں ہے