ویب ڈیسک: لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔طوفان سے دن رات میں تبدیل ہوگیا،ہر طرف اندھیرا چھا گیا،راولپنڈی شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ کالی گھٹاؤں کے ڈیرے ،تیز ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز اور گرد آلود ہواؤں نے شہر میں سفر کرنے والوں کو مشکلات میں ڈال دیا، اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور آندھی کا راج ہے جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوگئی ہے۔
آئیسکو ریجن خصوصاً اسلام آباد راولپنڈی اور اٹک میں طوفانی ھوائیں اور ژالہ باری سے متعدد 11 کے وی فیڈرز پر فالٹ اور ٹریپنگ متعلقہ فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے،مختلف مقامات پر بجلی کی تاریں اور کھمبے درختوں اور سائن بورڈز کے گرنے سے متاثر ہوئے،چیف ایگزیکٹیو آئیسکو محمد نعیم جان کی مرکزی کنٹرول روم سے بجلی بحالی کاروائیوں کی نگرانی کررہی ہے۔
ترجمان آئیسکو کا کہناہے کہ صارفین بجلی کی تاروں کھمبوں ٹرانسفارمرز میٹرز اور دیگر تنصیبات سے مناسب فاصلہ رکھیں۔کمپلینٹ دفاتر نمبرز ہلپ لائن نمبر 118 شکایات کے اندراج کے لئے مکمل متحرک ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، بہاولنگر، بہاولپور، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور حافظ آباد میں بارش کا امکان ہے۔
موسم کا احوال
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ بیشتر علاقوں میں آند ھی، گرج چمک، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کی توقع ہے، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ اور جھنگ میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، وزیرستان، کوہاٹ، کرک اور لکی مروت میں بارش کی توقع ہے جبکہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ ژوب، موسی ٰ خیل، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ میں بارش ہونے کی توقع ہے، سندھ کے ساحلی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پوٹھوہار ریجن میں آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں میں بارش، آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور گردونواح متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں درختوں کے گرنے اور بجلی کے نظام میں خلل کا سبب بن سکتی ہیں،گرد آلود طوفان سے عمارتوں کو نقصان اور حد نگاہ میں کمی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔حفاظتی تدابیر اختیار کریں، موسمی حالات خطرناک ہو سکتے ہیں۔
