لاہور(پبلک نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جاتی امراء میں ملاقات کی۔
جاتی امراء آمد پر مریم نواز نے بلاول بھٹو اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ اہم سیاسی بیٹھک میں ملکی سیاسی صورت حال اور حزب مخالف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک اور سینیٹ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے پارٹی وفود کے ہمراہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج ہم نے سینیٹ انتخابات پر تفصیلی مشاورت کی ہے، یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ انکی انتخابی مہم بہت اچھی چل رہی ہے، ضمنی انتخابات نے ثابت کیا ہے کہ عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی کی جیت سے بھی ثابت ہو گا کہ عوام اور پارلیمان پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں، ہم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے یوسف رضا گیلانی پر اعتماد کیا، گیلانی نے اپنے دور میں سب کا بہت زیادہ خیال رکھا، اس کٹھ پتلی کے دور میں بھی یوسف گیلانی نے سب کو عزت دلوائی ہے۔
بلاول نے کہا ملک کے ہر کونے سے حکومت ضمنی انتخابات میں ہاری ہے اور عوام نے انہیں مسترد کیا ہے ، ہم حکومت کو آئندہ بھی پر میدان میں چیلنج کرینگے، یہ بری طرح ایکسپوز ہوئے ہیں، ہم کامیاب ہو کر جمہوریت اور عوامی حکومت کو بحال کرینگے، پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ تمام آئینی ادارے اپنی اپنی حدود میں رہیں، ہمارا شارٹ ٹرم مقصد اس کٹھ پتلی کو گھر بھیجنا ہے۔
بلاول کا یہ بھی کہنا تھا کہ حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ ہمارے دور میں بنایا گیا جب ہم پر کوئی پریشر نہیں تھا ، تمام اراکین پارلیمان کو اس سوال کا جواب دینا پڑے گا کہ کیا آپ نے آئی ایم ایف کے امیدوار کو ووٹ دیا یا عوام کے نمائندے کو؟ ہم اس وقت عدم اعتماد کی گیم نہیں کھیل رہے بلکہ صرف سینٹ ہمارا مقصد ہے، آئندہ تمام فیصلے مل جل کر کرینگے۔ ہم ہر رکن قومی اسمبلی سے نہ صرف رابطے میں ہیں بلکہ ووٹ بھی مانگ رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی صرف جمہوری انداز ہی اپناتی ہے اور ہم اسی حق کو استعمال کر رہے ہیں، جائز حکومتوں کو اپنی ٹرم پوری کرنی چاہیے لیکن یہ موجودہ نظام مسلط شدہ ہے، خورشید شاہ اور شہباز شریف ابھی تک جیل میں ہیں، ہم ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا تھا یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، بطور جمہوریت پسند انہیں سب پسند بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ عوام کے ساتھ کھڑے ہونے والوں اور عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوں کی تقسیم ہے۔ گیلانی دائیں طرف کھڑے ہونے والوں کے امیدوار ہیں۔
مریم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عوام کی مجرم جماعت ہے، عمران خان بھی عوام کے مجرم ہیں کیونکہ انہوں نے بے انتہا مہنگائی کی، ان کی اپنی جماعت میں تقسیم پیدا ہو چکی ہے، ایک جمہوری ملک میں اسٹیبلشمبٹ کا غیرجانبدار ہونا کوئی خبر نہیں ہے، انہیں اپنے آئینی کردار تک محدود ہونا چاہیے، اگر مریم نواز بیرون ملک جانے پر راضی ہوتی تو آج انہیں ایک اور مقدمہ قائم کرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ میں اوپن بیلنٹنگ کا فیصلہ پارلیمان کو کرنا ہے، اپنے فائدے کے لیے اس میں عدالت کو گھسیٹنا نہیں چاہیے، اس کا فیصلہ پارلیمان نے کرنا ہے۔