ایرانی ریال کے خریداروں کیلئے اہم خبر آگئی

ایرانی ریال کے خریداروں کیلئے اہم خبر آگئی
کیپشن: ایرانی ریال کے خریداروں کیلئے اہم خبر آگئی

ویب ڈیسک: ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کی خبروں کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں بہتری دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث سرمایہ کار ایک بار پھر اس کرنسی کی جانب متوجہ ہو گئے ہیں۔

چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کے مطابق ماضی میں بھی ایران پر پابندیوں میں نرمی کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، اسی وجہ سے سرمایہ کار موجودہ صورتحال میں بھی منافع کی توقعات کے تحت ریال خرید رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت پاکستانی روپے میں نمایاں کمی کا شکار ہوئی، تاہم معاہدے کے بعد اس کی قدر دوبارہ بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ ایرانی ریال میں سرمایہ کاری منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اس میں خطرات بھی موجود ہیں۔ اگر معاہدہ ناکام ہوا یا خطے میں دوبارہ کشیدگی پیدا ہوئی تو ریال کی قدر دوبارہ گر سکتی ہے، جبکہ پابندیوں کے خاتمے اور معاشی بحالی کی صورت میں اس میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا کہ طویل المدتی کے بجائے مختصر مدت کی سرمایہ کاری کو ترجیح دیں اور محدود رقم لگائیں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔

ملک بوستان کے مطابق ایران پر پابندیوں میں نرمی سے پاکستان کو بھی معاشی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، جن میں پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی بحالی، توانائی کے اخراجات میں کمی اور ایران کی مارکیٹ تک بہتر رسائی شامل ہیں۔



Watch Live Public News