محکمہ موسمیات نے بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات نے بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا
کیپشن: محکمہ موسمیات نے بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش کے نظام کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے جس کے باعث مختلف اضلاع میں تیز ہوائیں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سوات اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث مینگورہ شہر کی گلیاں اور بازار زیرآب آگئے۔ دیربالا میں کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر اور کوہستان میں مزید بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران شہری احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں۔

Watch Live Public News