شی جن پنگ کا امریکا اور ایران پر مذاکرات کی بحالی پر زور

شی جن پنگ کا امریکا اور ایران پر مذاکرات کی بحالی پر زور
کیپشن: شی جن پنگ کا امریکا اور ایران پر مذاکرات کی بحالی پر زور

ویب ڈیسک: چینی صدر شی جن پنگ نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے اور اختلافات کے حل کے لیے جلد از جلد مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔

چین کی اسٹیٹ کونسل کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ چین کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور مفاہمت کی حمایت کرتا ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک جوہری معاملے سمیت دیگر اختلافات پر جامع معاہدے تک پہنچیں گے۔

ملاقات کے دوران چینی صدر نے امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر بھی بات کی۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو فوجی تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔

شی جن پنگ نے کہا کہ مسلسل مذاکرات سے دونوں ممالک ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں، اختلافات کو کم کر سکتے ہیں اور باہمی اعتماد کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان رابطے برقرار رکھنے اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مواصلاتی نظام بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔

چین اور امریکا کے درمیان تجارت، تائیوان اور مصنوعی ذہانت سمیت متعدد معاملات پر اختلافات برقرار ہیں، جبکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مصنوعات پر اضافی محصولات بھی عائد کر چکے ہیں۔

ملاقات سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پینگ لی یوان کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کیا۔ ٹرمپ نے شی جن پنگ کے ساتھ اپنی دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاملات پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

Watch Live Public News