جیل میں سختیاں زیادہ،لگتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں:عمران خان

 جیل میں سختیاں زیادہ،لگتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں:عمران خان
کیپشن: جیل میں سختیاں زیادہ،لگتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں:عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صرف بھیڑ بکریاں ڈںڈوں سے کنٹرول ہوتی ہیں انسان نہیں، ملک کو مضبوط ادارے کی ضرورت ہے یہ جو کر رہے ہیں یہ خودکشی ہے، مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار ڈی جی آئی ایس آئی اور جنرل عاصم منیر ہوں گے، جیل میں کچھ زیادہ ہی سختیاں ہو رہی ہیں لگتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے،اسٹیبلشمنٹ سے جب بھی بات ہوگی ملک اور قانون کے لیے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خود کہہ رہی ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے اس لیے مجھے باہر نہیں نکالا جا رہا،سن لیں اگر مجھے یا میری بیوی کو کچھ ہوا تو آرمی چیف اور ڈی جی آئی ذمہ دار ہوں گے،یہ کہتے ہیں کہ سب کچھ بلا کے آگے بڑھا جائے اسرائیل بھی یہی کہتا ہے فلسطین کو ۔9 مئی کا بیانیہ 8 فروری کو قوم نے مسترد کر دیا سب نے دیکھ لیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ سے ملنے آج پھر شیر افضل مروت آئے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کیا وہ آیا ہوا ہے باہر؟۔

عمران خان نے کہا کہ عوام فوج سے پیارکرتے ہیں کیونکہ وہ ہمارا تحفظ کرتی ہے، مجھے جس سیل میں رکھا ہے وہ اوون کی طرح گرم ہے، اس لیے پسینہ آتا ہے، اس کے باوجود مجھے کوئی ریلیف نہیں چاہیئے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش میں دیکھیں عوام باہر نکلی تو اپنا حق لیا، صرف بھیڑ بکریاں ڈنڈوں سے کنٹرول ہوتی ہیں، انسان نہیں، اپیل ہے فوج سب کی ہے، ملک کو مضبوط ادارے کی ضرورت ہے، یہ جوکررہے ہیں یہ خودکشی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ چیئرمین پی سی بی نے کہا کرکٹ ٹیم کو سرجری کی ضرورت ہے اور اب ہم بنگلا دیش سے ہار گئے یہ سارا نزلہ ایک ادارے پر گررہا ہے، محسن نقوی کی 5 ملین ڈالر مالیت پراپرٹی دبئی میں بیوی کے نام پر ہے، یہ گندم اسکینڈل میں ملوث ہے، ملک کا سب سے بڑا فراڈ الیکشن اس نے کروایا، محسن نقوی کی کیا کوالیفکیشن ہے جو اسے وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی بنا دیا؟ یہ 2008 کا نیب زدہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ہی واحد سپورٹ ہے جو ٹی وی پر سب سے زیادہ دیکھی جاتی ہے، یہ ایک سفارشی کو لے کر آئے اس نے کرکٹ تباہ کردی، اس کے پیچھے طاقتور ہیں، اڑھائی سال قبل ہماری ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، اڑھائی سال میں ایسا کیا ہوا کہ اتنے نیچے گرگئے کہ آج بنگلہ دیش سے بھی ہار گئے، ورلڈ کپ میں ہم پہلی 4 اور ٹی 20 کی 8 ٹیموں میں نہ آئے، کل بنگلہ دیش سے ہار کر نئی تاریخ رقم کردی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ تعینات اسٹاف کو چوتھی بار تبدیل کیا گیا ہے، مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار ڈی جی آئی ایس آئی اور جنرل عاصم منیر ہوں گے، جیل میں کچھ زیادہ ہی سختیاں ہو رہی ہیں لگتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بشریٰ بی بی کے کمرے میں چوہے آچکے ہیں، وہ نماز پڑھتی ہے اور چوہے چھت سے گرتے ہیں، آج عدالت کو آگاہ کیا ہے تاکہ چوہے ختم ہوسکیں اسی طرح مجھے اوون نما میں کمرے میں رکھا گیا ہے۔

Watch Live Public News