یوٹیلیٹی سٹورز کے پریشان ملازمین کیلئے بڑی خبر آگئی

یوٹیلیٹی سٹورز کے پریشان ملازمین کیلئے بڑی خبر آگئی
کیپشن: یوٹیلیٹی سٹورز کے پریشان ملازمین کیلئے بڑی خبر آگئی

ویب ڈیسک: یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری آج دیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت صنعت نے یوٹیلیٹی سٹور ملازمین کیلئے 27 ارب کے پیکج کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری متوقع ہے۔

وزارت صنعت کی جانب سے ای سی سی میں سمری پیش کی جائے گی، وزارت صنعت نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کیلئے 27 ارب کا پیکج مانگا ہے۔

ای سی سی اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ جس میں سرکاری ٹی وی کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ پر 11 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے اور پاکستان آئل ریفائنری پالیسی 2023 کے مطابق ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کی سمری پر غور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ تھلیان سے تارو جبہ تک وائٹ پائپ لائن بچھانے کے ٹیرف سے متعلق ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، جبکہ بجلی صارفین کو کیپٹو ٹرانزیشن لیوی میں ریلیف دینے کی سمری پر بھی غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس فاروق ستار کی زیر صدارت ہوا جس میں یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔

کمیٹی کی رکن سحر کامران نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہورہے ہیں، اسی طرح پی آئی اے ملازمین کے بارے میں بھی تحفظات ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری صنعت و پیداوار نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے تمام سٹورز سیل کر دیے گئے ہیں اور اب مزید سبسڈی کے بغیر ان کے مالیات خسارے میں جا رہے ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز اپنے بہترین طریقے سے کام کرتے رہے جب تک انہیں سبسڈی ملتی رہی۔

سیکرٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے 10 سے 11 ہزار ملازمین ہیں تاہم صرف 300 ملازمین کو برقرار رکھا جائے گا۔ باقی ملازمین کو خصوصی مراعاتی پیکج کے تحت فارغ کیا جائے گا۔

Watch Live Public News