اسلحہ برآمدگی کیس:پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور

اسلحہ برآمدگی کیس:پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور
اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی اسلحہ برآمدگی کے کیس میں ضمانت منظور کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ نصیر الدین نے شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پچیس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی جانب سے وکیل علی بخاری نے عدالت میں دلائل دیے تھے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا، اس دوران ان کے کمرے سے سیٹیلائٹ فون اور پستول سمیت کئی اشیاء برآمد کی گئی تھیں۔ شہباز گل نے پستول کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد اسے الٹ پلٹ کر دیکھا جس کے بعد انہوں نے اسے اپنا ماننے سے انکار کردیا تھا ، ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس اے کے 47 ہے، جس کا لائسنس بھی موجود ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے بیان میں کہا کہ یہ پستول میرا نہیں ہے، جبکہ یہ کمرہ بھی میرے زیر استعمال نہیں ہے۔ یہ کمرہ میرے گارڈز کے زیر استعمال ہے، یہ پستول بھی ان ہی کا ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔