(ویب ڈیسک ) با نی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، 20 نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی،انہوں نے کہا کہ جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا، آئی ایم ایف کے لیے خط ڈکٹیٹ کرایا ہے۔ یہی لکھا جائے گا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ خط کو غداری کہنے والوں نے ہی فیٹف قوانین کی مخالفت کی تھی۔ یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ پہلے ان کے کیسز ختم کیے جائیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہے، چیف الیکشن کمشنر کا استعفی بنتا ہے۔ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 20 نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے، صدر نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا اب آپ اپنے فائدے کے لیے فضل الرحمان اور اچکزئی سے رابطے بڑھا رہے ہیں جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم ان کے خلاف ہیں جنہیں دھاندلی کر کے جتوایا گیا، ہرائی جانے والی جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔
صحافی نے پوچھا محمود اچکزئی آپ کے ساتھ مل جائیں تو پھر وہ غدار نہیں ہوں گے؟ بانی پی ٹی آئی جواب دیئے بغیر چلے گئے۔