روس کی پاک افغان کشیدگی ختم کرانے میں ثالثی کی پیشکش

روس کی پاک افغان کشیدگی ختم کرانے میں ثالثی کی پیشکش
کیپشن: روس کی پاک افغان کشیدگی ختم کرانے میں ثالثی کی پیشکش

ویب ڈیسک: روس نے افغانستان اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ سرحدی کشیدگی کو فوری طور پر کم کریں اور اپنے تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

روسی خبر رساں ادارے ریا نووستی کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور سرحد پار جھڑپیں روکنے کی اپیل کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ علاقائی سلامتی اور استحکام تمام فریقوں کے مفاد میں ہے، اس لیے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔

مزید برآں، روس نے عندیہ دیا ہے کہ اگر کابل اور اسلام آباد چاہیں تو ماسکو ثالثی کا کردار ادا کرنے پر غور کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو پرامن طریقے سے سلجھایا جا سکے۔