کابل کی فضاؤں میں رات گئے جو فائر ورکس ہوئے پوری دنیا نے دیکھے، ترجمان پاک فوج

کابل کی فضاؤں میں رات گئے جو فائر ورکس ہوئے پوری دنیا نے دیکھے، ترجمان پاک فوج

(ویب ڈیسک ) ترجمان پاک فوج  لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ  افغان طالبان رجیم تمام دہشتگردوں کی پشت پر ہے۔ کابل کی فضاؤں میں رات گئے جو فائر ورکس ہوئے پوری دنیا نے دیکھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اہم پریس کانفرنس میں کہا کہ بریفنگ کا مقصد آپریشن غضب للحق کی تفصیل سے آگاہی ہے۔21 اور 22 فروری کی درمیانی شب پاکستان نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ افغان طالبان رجیم تمام دہشتگردوں کی پشت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم نے پاک افغان سرحد کے 15 سیکٹرز کے 53 مقامات پر فائر شروع کیا۔دنیا نے دیکھا کہ طالبان رجیم کس طرح دہشت گردوں کی پشت پر ہے۔پاکستان نے ایسا بھرپور جواب دیا کہ دنیا نے دیکھا۔تمام 53 مقامات پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔دشمن کے 115 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں تباہ کی جا چکی ہیں ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن غضب للحق میں 274 طالبان رجیم کے اہلکار اور خوارج ہلاک  جبکہ 400 سے زیادہ زخمی ہوئے۔طالبان رجیم کی 73 سے زیادہ پوسٹیں مکمل طور پر تباہ  ہوگئیں جبکہ 18 چوکیاں پاکستان کے قبضے میں ہیں۔فتنہ الہندوستان ، فتنہ الخوارج کے 22 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کابل ، پکتیا، قندھار میں اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔دہشتگردوں کی پناہ گاہیں اور اسلحہ ڈپو تباہ کیے گئے۔دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی نعشیں چھوڑ کر بھاگ نکلے۔آپریشن غضب للحق میں افواج پاکستان کے 12 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔افواج پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ دفاع وطن کیلئے ہردم تیار ہیں ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی نیوز کانفرنس میں دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی ویڈیوز دکھائی گئیں ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج پاکستان نے پیشہ ورانہ انداز میں صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔دشمن کی جانب سے خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔ہمارا موثر جواب مسلح افواج کے مکمل چوکس ہونے کا مظہر ہے۔قوم کو اپنے نڈر اور جانباز جوانوں پر فکر ہے۔دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ایسا جواب دیا گیا جس کے وہ مستحق تھے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ معرکہ حق کی طرح آپریشن غضب للحق میں بھی قوم سیسہ پلائی دیوار بنی ہے۔پاکستان کے عوام مسلح افواج سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں ۔سبی ، ایبٹ آباد اور نوشہرہ میں ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ افغان طالبان رجیم کو کالعدم دہشت گرد تنظیموں یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔پاکستان کے مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے ہر واقعہ میں بھارت ملوث ہے۔ افغان طالبان رجیم اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں،دنیا سمجھتی ہے کہ پاکستان کا آپریشن غضب للحق عوام کے تحفظ کیلئے ہے۔