افغان دراندازی کا مؤثر جواب دیا گیا، قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے: رانا ثناء اللہ

افغان دراندازی کا مؤثر جواب دیا گیا، قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے: رانا ثناء اللہ
کیپشن: افغان دراندازی کا مؤثر جواب دیا گیا، قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے: رانا ثناء اللہ

ویب ڈیسک: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی جانب سے ہونے والی دراندازی کا پاکستانی مسلح افواج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنی روش ترک کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایوان میں منظور کی جانے والی قرارداد اس امر کا ثبوت ہے کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے موقع پر بھی قوم نے افواجِ پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا تھا اور آج بھی یکجہتی کا یہی جذبہ موجود ہے۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق دوحہ میں کئی ہفتوں تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا، جس میں ڈیورنڈ لائن کی مؤثر نگرانی کے لیے دوست ممالک پر مشتمل کمیشن کے قیام کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد کا پیغام نہایت واضح ہے اور پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے یکسو ہے۔

سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل سیاسی جماعتوں کو باہمی مشاورت سے نکالنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بات چیت کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، تاہم دوسری طرف سے مثبت جواب نہیں ملا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2018 میں جس انداز سے سیاسی انتظام کیا گیا تھا، اسی نوعیت کی پیش رفت کے لیے آج بھی آمادگی موجود ہے، لیکن اگر مخالف فریق تیار نہ ہو تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے تین بار مذاکرات کی دعوت دی گئی، تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ علاج اور ڈاکٹروں سے متعلق معاملات پر بھی بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل نکالا جا سکتا ہے۔