لاہور ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چوہان صاحب عثمان بزدار نے تین سالوں میں کونسا قلعہ فتح کیا ہے جو تشہیر کررہے ہیں؟، چوہان صاحب کیا یہ 21یونیورسٹیاں خلاء میں بنی ہیں؟، سلطنت عمرانیہ کی کارکردگی صرف جھوٹ،جھوٹ اور جھوٹ پر مبنی ہے، عمران خان نے تین سال نوازشریف کے منصوبوں اور عثمان بزدار نے شہازشریف کے منصوبوں پر تختیاں لگاتے گزار دیے۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کاش آپ لاہور جیسے خوبصورت شہر کو کچرے کا ڈھیر بنانے کی وجہ بتاتے، کاش فیاض چوہان لاہور میں جدید و لگژری ٹرانسپورٹ ختم کرکے چنگ چی اور مزدے چلانے کی خوبیاں قوم کو بتاتے، عثمان بزدار کی تین سالہ ٹوٹل کارکردگی اندھے،گونگے اور بہرے بن کر اپنی نوکری کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ اگلے دو سال بھی مسلم لیگ(ن) کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگاتے ہی گزاریں گے، انشاء اللہ جلد عثمان بزدار کی تین سالہ کارکردگی کا پوسٹماٹم کریں گے، عثمان بزدار اور انکے وزیروں اور مشیروں کے تاریخی ڈاکے سامنے لائیں گے۔