ویب ڈیسک: وزیرِ مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کی مبینہ مقبولیت محض ایک فریب ہے اور پارٹی اپنی سیاسی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا سہارا لے رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جعلی فالوورز بنا رکھے ہیں اور مصنوعی مقبولیت دکھا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر مقبولیت کا ڈرامہ رچا کر جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی مقبولیت کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے اور سیاسی میدان میں ناکامیوں کو چھپانے کے لیے مصنوعی ریچ اور جعلی سرگرمیاں ظاہر کی جاتی ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست منفی بیانیے اور جھوٹ پر مبنی ہے، جبکہ عوام حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر حقیقی فالوورز نہ ہونے کے برابر ہیں۔
انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بھارتی پراپیگنڈا اکاؤنٹس پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں، جس سے پارٹی کے دعوؤں کی حقیقت واضح ہو جاتی ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پر مقبولیت کے دعوے محض فریب ہیں اور حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے۔