راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفاد پر مبنی کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولینڈ کے سفیر کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی، آرمی چیف اور پولش سفیر نے باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو بھی فروغ دینے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفاد پر مبنی کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دفاع و سلامتی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پولش سفیر نے علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔