مون سون کا نیا اسپیل، آج سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

مون سون کا نیا اسپیل، آج سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: مون سون کا نیا اسپیل، آج سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون کا پانچواں اسپیل برسنے کو تیار ہے۔ پنجاب سمیت خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں آج سے موسلادھار بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو 31 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کے مطابق پیر کی شام سے لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی نشیبی علاقوں اور غیر ضروری سفر سے گریز کی تلقین کی گئی ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، مردان اور دیگر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ انسانی جانوں پر بھی بھاری پڑ رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں مزید 8 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوئے۔ اس طرح مون سون سیزن کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 279 تک جا پہنچی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 676 بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو اداروں نے شہریوں کو محتاط رہنے، بجلی کے کھمبوں، ندی نالوں اور کمزور چھتوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Watch Live Public News