ویب ڈیسک: امریکا کے سابق صدر باراک اوباما بھی غزہ میں بھوک سے ستائی فلسطینی عوام پر اسرائیل کے مظالم کے خلاف بول پڑے۔
عالمی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر نے غزہ میں صہیونی فورسز کے محاصرے کے باعث پیدا ہونے والے غذائی بحران سے ہونے والی اموات کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امداد کو فلسطینی عوام تک پہنچنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔ اسرائیل ایسا کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
باراک اوباما نے مزید کہا کہ غزہ جنگ کے خاتمے میں تمام یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیلی کارروائیوں کا خاتمہ شامل ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری کے علاوہ غزہ میں بھوک سے بڑی تعداد میں بچے مر رہے ہیں۔ بین الاقوامی امدادی تنظیم آکسفیم کے مطابق چند امدادی ٹرک بھوک سے ستائی فلسطینی عوام کیلئے کافی نہیں ہیں۔
تنظیم نے واضح کیا کہ غزہ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے مستقل جنگ بندی ناگزیر ہے۔