ویب ڈیسک: ایلون مسک کےاعلان کےبعد سام سنگ کے شیئرز میں 6 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے کہا کہ ٹیسلا اور سام سنگ کے درمیان 16.5 ارب ڈالر کا چِپ سپلائی معاہدہ طے پا گیا،ٹیکساس میں سام سنگ کا نیا پلانٹ صرف ٹیسلا کی اے 16 چپس تیار کرے گا، سام سنگ پہلے ہی ٹیسلا کے اے 14 چپس تیار کر رہا ہے، جو فُل سیلف ڈرائیونگ سسٹم میں استعمال ہوتی ہیں۔
ایلون مسک نے کہا کہ پلانٹ میرے گھر کے پاس ہے میں خود اس کی نگرانی کروں گا، معاہدہ سام سنگ کی فاؤنڈری بزنس کو سہارا دے گا، جسے رواں سال 3.6 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
ایلون مسک کے اعلان کے فوری بعد سام سنگ کے شیئرز میں 6 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، معاہدہ 2033 تک جاری رہے گا اور سام سنگ کے لیے کنٹریکٹ چپ مینوفیکچرنگ کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔