امریکی ریاست ٹیکساس کے مضافات میں ایک ٹرک سے کم از کم 46 افراد مردہ پائے گئے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تمام لوگ غیر قانونی تارکین وطن تھے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم 16 افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی تصاویر میں کئی ایمرجنسی ورکرز ایک بڑے ٹرک کے اردگرد نظر آ رہے ہیں۔ ایک مقامی ٹی وی چینل کے مطابق ٹرک سان انتونیو کے جنوب مغربی جانب ایک ریلوے ٹریک کے قریب نمودار ہوا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق سان انتونیو پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران گاڑی کے ڈرائیور کی تلاش کر رہے ہیں، جو موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ سان انتونیو امریکا اور میکسیکو کی سرحد سے تقریباً 250 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ان اموات کا ذمہ دار صدر جو بائیڈن کو ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے اسے مہلک کھلی سرحدی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ میکسیکو کے وزیر خارجہ مارسیلو ایبرارڈ نے کہا کہ ان کا ایک اہلکار جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک متاثرین کی شہریت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان افراد کی موت کی وجہ کیا ہے۔