اسلام آباد: ( پبلک نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کیخلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو ملکی اداروں کیخلاف بیان بازی سے روکا جائے، تحریک انصاف کے رہنماؤں کے سازشی بیانات کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اقتدار جانے کے ساتھ ہی عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کی تحریک شروع کی، تحریک انصاف کے رہنما عدلیہ،فوج اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں پر الزامات لگا رہے ہیں، تحریک انصاف کے ہتھکنڈے ملکی سالمیت اور بقا کیلئے خطرہ ہیں، ملکی ادارے کمزور ہونگے تو بیرونی سازشیں کامیاب ہوسکتی ہیں۔ درخواست قوسین فیصل ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے اور درخواست میں عمران خان،فواد چوہدری،شیریں مزاری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن،پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔