ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ ریسلنگ کمپنی ڈبلیو ڈبلیو ای (WWE) کے معروف آسٹریلوی ریسلر برونسن ریڈ 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کا اصل نام جرمین ہیلی تھا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کے مطابق ان کا انتقال جمعے کے روز طبی پیچیدگیوں کے باعث ہوا، تاہم موت کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے برونسن ریڈ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین انسان، خاندانی ذمہ دار شخص اور قابلِ احترام ساتھی قرار دیا۔ ان کے پسماندگان میں حاملہ اہلیہ پیج اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
ریسلر کو جمعے کے روز امریکی ریاست جارجیا میں منعقدہ ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ کے دوران خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جہاں شو کا آغاز 10 بیلز کی سلامی سے ہوا۔ معروف ریسلر کیون اوونز نے بھی اپنے میچ کے دوران برونسن کے نام کا بازو پر بینڈ پہن کر انہیں یاد کیا۔
برونسن ریڈ نے 2019 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2021 میں کمپنی سے علیحدگی کے بعد وہ دوبارہ ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے۔ 2024 میں انہوں نے آندرے دی جائنٹ میموریل بیٹل رائل کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق برونسن ریڈ نومبر کے آغاز میں سعودی عرب میں منعقدہ ڈبلیو ڈبلیو ای کراون جیول ایونٹ کے دوران زخمی ہوئے تھے اور صحت یاب ہو رہے تھے۔ تاہم ان کی موت اور سابقہ انجریز کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق نہیں کی گئی۔