ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو پہلگام حملے کے حوالے سے ایک شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعات کی تحقیقات الزامات کے بجائے شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
غیر ملکی نیوز چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ اور پاکستانی حکومت اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے ہر حملے کے بعد بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی ایک غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، جو خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دیتا ہے۔
بلاول بھٹو نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اشاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے ایک قطرہ پانی بھی روکا تو پاکستان اسے اعلانِ جنگ تصور کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی جیسے حساس مسئلے پر سیاست کرنا خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے، اور دونوں ممالک کو باہمی معاہدوں کی پاسداری کرنی چاہیے تاکہ خطے میں استحکام قائم رہ سکے۔