ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نامور سینیئر اداکار فردوس جمال کا نام کسی تعریف کا محتاج نہیں ہے، اپنی کمال کی ایکٹنگ سے انہوں نے نہ صرف پاکستانی آڈینس کو محظوظ کیا بلکہ بیرون ممالک میں بھی ان کے چاہنے والے موجود ہیں، حال ہی میں سینیئر اداکار نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اپنے کیریئر اور ماضی کے کچھ واقعات کو تازہ کیا۔
پی ٹی وی کے سنہری دور سے کیریئر کے بام عروج پر پہنچنے والے فردوس جمال نے درجنوں یادگار ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور متعدد اعزازات اپنے نام کیے۔
تاہم حالیہ برسوں میں وہ اپنے ہم عصر فنکاروں پر تنقید کی وجہ سے خبروں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ چاہے وہ ماہرہ خان ہوں یا ہمایوں سعید، فردوس جمال کی بے لاگ گفتگو نے کئی تنازعات کو جنم دیا۔
پوڈکاسٹ میں سینیئر اداکار نے پاکستان فلم انڈسٹری کے ماضی کےمقبول اداکار شاہد پر بھی کھل کر تنقید کی۔
فردوس جمال نے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی فلم اسٹار شاہد کی اداکاری کو سمجھ نہیں پائے۔ ان کے بقول، شاہد ایک پرکشش اور وجیہہ شخصیت کے مالک ضرور ہیں، لیکن ان کے نزدیک وہ ” اداکار“ کہلانے کے قابل نہیں۔
فردوس جمال نے مزید کہا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ شاہد کو صفِ اول کے اداکاروں میں کیوں شمار کیا جاتا رہا، کیونکہ ان کے مطابق کسی بھی فنِ اداکاری کی کتاب میں شاہد کا نام درج نہیں ہوسکتا۔
میزبان کا کہا کہ شاہد کو اپنے دور کے عظیم فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے اور جب بھی پاکستان فلم کی سنہرا دور یاد کیا جاتا ہے تو ندیم اور وحید مراد کے ساتھ شاہد کا نام بھی ضرورآتا ہے۔ تو فردوس جمال نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ”رنگیلا“ بھی اُسی دور کی یادگار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہد دراصل ایک ”حادثہ“ ہیں، اور حادثات تو کہیں بھی اور کسی وقت بھی پیش آ سکتے ہیں۔ فردوس جمال کا کہنا تھا کہ وہ شاہد کے کیریئر کو بھی اسی زاویے سے دیکھتے ہیں۔ یعنی یہ کوئی باقاعدہ فن یا محنت کا نتیجہ نہیں بلکہ محض ایک اتفاق تھا۔